حیدرآباد (بیورو رپورٹ) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے حوالے سے جاری بحث غیرضروری اور نقصان دہ ہے‘ ایسے معاملات کو ہوا دینا ملک کے مفاد میں نہیں ہے‘ پاکستان نہ صرف ایک کثیر القومی ریاست ہے بلکہ یہ ان قوموں کے فطری مادر وطنوں پر مشتمل ایک فیڈریشن ہے جہاں ہر قومی اکائی اپنی ہزاروں سال پرانی تاریخ‘ تہذیب‘ ثقافت اور سرزمین سے جڑی ہوئی ہے۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے واضح کیا کہ فطری مادر وطنوں کی سرحدوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کسی بھی صورت میں ملک کے بہتر مستقبل کے لیے سودمند نہیں ہوسکتی‘ خاص طور پر سندھ جو ہزاروں سال کی تہذیب اور تمدن کا گہوارہ ہے اور جہاں سات کروڑ سندھی آباد ہیں‘ وہ سندھی عوام کا مادر وطن ہے‘ سندھ کی وحدت کے خلاف کسی بھی سازش کو نہ صرف رد کیا جائے گا بلکہ اس کی بھرپور مزاحمت بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مستحکم کرنے کا راستہ نئے صوبے یا انتظامی یونٹ بنانے میں نہیں بلکہ وفاق کے موجودہ صوبوں کو بااختیار بنانے میں ہے‘ صوبے زندہ حقیقت ہیں‘ ان کی وحدت اور خودمختاری سے ہی ملک ترقی کرسکتا ہے‘ ملک کو مزید بحرانوں کی طرف دھکیلنے کے بجائے وفاق میں اعتماد بحال کرنا‘ صوبوں کو مکمل آئینی حق دینا اور قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش اصل مسئلہ نئے صوبوں کا قیام نہیں بلکہ کرپشن‘ ناانصافی‘ وسائل کی غلط تقسیم اور اختیارات کی مرکزیت ہے۔