بالی ووڈ اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر کے باہر فائرنگ کے واقعے کی ذمہ داری کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار کے گینگ نے قبول کرلی۔
پولیس کے مطابق واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب صبح تقریباً 4 بج کر 30 منٹ پر سول لائنز، بریلی میں پیش آیا، جہاں اداکارہ کے گھر کے باہر متعدد فائر کیے گئے، خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
فائرنگ کی ذمہ داری گینگ کی جانب سے ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے قبول کی گئی، جس میں ہندی زبان میں لکھے گئے پیغام میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ اقدام دیشا پٹانی اور ان کی بہن خشبو پٹانی کی جانب سے معروف مذہبی شخصیات کی مبینہ توہین کے ردعمل میں کیا گیا۔
پیغام میں کہا گیا کہ یہ صرف ایک ٹریلر تھا، آئندہ اگر کسی نے ہمارے دھرم کی توہین کی تو کسی کو زندہ نہیں چھوڑا جائے گا۔
پولیس نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور سوشل میڈیا پیغام کی صداقت کی جانچ کی جا رہی ہے۔
خشبو پٹانی نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے اسے انتہائی پریشان کن قرار دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق تنازع کی اصل وجہ خشبو پٹانی کے وہ بیانات ہیں جو انہوں نے مذہبی رہنما انیرُدھ آچاریہ کے خواتین اور لِو اِن ریلیشن شپ پر متنازع تبصروں کے خلاف دیے تھے، ان بیانات کو بعد میں توڑ مروڑ کر سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا اور دعویٰ کیا گیا کہ خشبو نے پریمانند مہاراج کی توہین کی ہے۔
پولیس نے اداکارہ کے گھر کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے اور کہا ہے کہ خاندان کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔