بالی ووڈ اداکارہ نمرت کور نے اپنی سادگی سے ایک بار پھر مداحوں کے دل موہ لیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں لنچ باکس فلم کی باصلاحیت اداکارہ کسی شاندار کار میں بیٹھنے کے بجائے آٹو رکشہ کا انتخاب کرتی نظر آئیں۔
ویڈیو میں نمرت ایک عمارت سے باہر نکلیں، مسکراتے ہوئے رکشے کی طرف بڑھیں اور عام مسافروں کی طرح اس میں بیٹھ کر روانہ ہو گئیں۔
ان کا یہ عام سا مگر دل کو چھو لینے والا انداز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا، مداحوں نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نمرت کور سادگی میں بھی اسٹائل رکھتی ہیں۔
نمرت کور ان دنوں اپنی آنے والی ویب سیریز دی فیملی مین سیزن 3 کے سبب بھی خبروں میں ہیں، اس اسپائی تھرلر کے ٹریلر میں وہ ایک منفرد اور زبردست کردار میرا کے روپ میں نظر آ رہی ہیں۔
ٹریلر لانچ ایونٹ میں گفتگو کرتے ہوئے نمرت نے کہا کہ منفی کردار ادا کرنا سب سے دلچسپ تجربہ ہوتا ہے، کیونکہ آپ بغیر کسی سزا کےجو چاہیں کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس سیریز میں میرا ایک ایسا کردار ہے جو دلکش، پُرکشش اور خطرناک ہے، جو برائی کو بھی اسٹائل میں نبھاتا ہے، مجھے لگا جیسے کسی فیشن شو میں پرفارم کر رہی ہوں، یہ واقعی کسی بھی اداکارہ کا خواب کا کردار ہے۔
نمرت کور نے اس سیریز میں کام کرنے کے تجربے کو دماغ ہلا دینے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں خود ’دی فیملی مین‘ سیریز کی فین رہی ہوں، ایسے پروجیکٹ میں شامل ہونا جہاں سب کچھ بہترین ہو ایک اداکار کے لیے سب سے بڑا انعام ہے۔
واضح رہے کہ یہ سیریز 21 نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے اور شائقین بے چینی سے اس کا انتظار کر رہے ہیں، سیریز میں نمرت کور کے ساتھ منوج باجپائی، شاریب ہاشمی، پریامنی، ویدانت سنہا اور اشلیشا ٹھاکر بھی اپنے سابقہ کرداروں میں نظر آئیں گے۔