• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان مختار کے بڑھتے وزن نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑدی

تصاویر:سوشل میڈیا
تصاویر:سوشل میڈیا

پاکستان کے معروف اداکار عثمان مختار کے بڑھتے ہوئے وزن نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔

عثمان مختار پاکستان کے باصلاحیت اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں، انہوں نے بطور ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور سنیماٹوگرافر بھی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہوا ہے۔ اس بار وہ اپنی اداکاری نہیں بلکہ وزن میں اضافے کی وجہ سے وہ موضوع بحث بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز تھیٹر اور فلم میکنگ سے کیا تھا، وہ کئی کامیاب ڈراموں میں بھی نظر آئے، ان دنوں وہ ڈرامہ پامال میں اپنے کردار رضا کے لیے داد سمیٹ رہے ہیں۔

2019 میں نشر ہونے والے ڈرامے ’انا‘ کے دوران عثمان مختار کو ان کی خوبصورتی اور دلکش شخصیت کی وجہ سے مداحوں نے فواد خان سے بھی تشبیہ دی تھی، تاہم اداکار نے ماضی میں ایک انٹرویو میں تسلیم کیا تھا کہ وہ ایٹنگ ڈس آرڈر کا شکار رہے ہیں اور ان کے وزن میں وقتاً فوقتاً اتار چڑھاؤ آتا رہا ہے۔

حال ہی میں وہ اپنے قریبی دوست کی شادی میں شریک ہوئے، جہاں ان کا وزن بڑھا ہوا نظر آیا، وہ سیاہ کرتا شلوار اور ایک خوبصورت شال میں ملبوس تھے، تاہم ان کے سلو ڈانس کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کے تیر چلا دیے۔

کچھ مداحوں نے ان کے موٹاپے پر طنز کیا، جب کہ بعض نے ان کی پرانی فٹ شخصیت کو یاد کیا۔

صارفین کا کہنا تھا کہ انہیں فوراً وزن کم کرنا چاہیے، یہ تو حرکت بھی نہیں کر پا رہے تھے، پھر ڈانس کی کیا ضرورت تھی؟

دوسری جانب کچھ مداحوں نے اداکار کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ظاہری شکل کسی کی قابلیت یا انسانیت کا پیمانہ نہیں ہونی چاہیے، عثمان مختار ایک انتہائی باصلاحیت اور سنجیدہ فنکار ہیں جنہوں نے ہمیشہ معیاری کام پیش کیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید