معروف بالی ووڈ اداکار گووندا کو اچانک طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم اب وہ صحت یاب ہو کر گھر واپس پہنچ گئے ہیں، اسپتال سے ڈسچارج ہوتے وقت وہ نہایت خوش نظر آئے اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کو اپنے مداحوں کے لیے مثبت پیغام دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گووندا گزشتہ رات 1 بجے بے ہوش ہو گئے تھے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر جوہو کے کریٹی کیئر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، ان کے اہلِ خانہ اور قریبی دوستوں نے رات بھر دعائیں کیں اور خوش قسمتی سے اداکار کی حالت صبح تک بہتر ہو گئی۔
اسپتال سے نکلتے وقت گووندا نے مسکراتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں، بس زیادہ محنت کر لی تھی، تھکن ہو گئی، میں نے ہیوی اور تھوڑی ٹف ایکسرسائز کر لی کیوں کہ میں اپنی پرسنیلٹی بہتر بنانے کی کوشش کر رہا تھا، مگر اب لگتا ہے کہ یوگا ہی سب سے اچھی ورزش ہے۔
اداکار کے قریبی دوست اور قانونی مشیر للت بندل کے مطابق واقعے کے وقت گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا ایک شادی میں شرکت کے لیے شہر سے باہر تھیں، تاہم جیسے ہی انہیں خبر ملی وہ فوراً ممبئی واپس پہنچ گئیں، جبکہ ان کی بیٹی ٹینا آہوجا بھی جلد اپنے والد کے پاس پہنچنے والی ہیں۔
گووندا کو شدید سر درد اور سر میں بھاری پن محسوس ہو رہا تھا جس پر ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کرنے اور نیورولوجسٹ سے مشورہ لینے کے لیے کہا ہے۔
مداحوں کے لیے خوشی کی بات یہ ہے کہ ناصرف گووندا بلکہ ان کے دوست اور سینئر اداکار دھرمیندر بھی اسپتال سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
مداحوں نے سوشل میڈیا پر دونوں اسٹارز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے۔