ایشیا کپ میں آج پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے میچ سے پہلے متنازع میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو تبدیل نہ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو دوبارہ خط لکھ دیا اور سخت مؤقف اختیار کر لیا۔
پی سی بی نے مطالبہ تسلیم نہ ہونے کی صورت میں بائیکاٹ کا مؤقف برقرار رکھنے کا پیغام دے دیا۔
تمام تر تحفظات دور ہونے اور مطالبہ تسلیم کرنے کے باضابطہ اعلان کے بعد پاکستان کھیلنے کیلئے رضامندی ظاہر کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے پاس ریفری کو پاکستانی میچز سے ہٹانے کے سوا کوئی راستہ نہیں، جلد باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے متنازع ریفری کے خلاف آئی سی سی کی انکوائری کو بھی ایک رسمی کارروائی قرار دیا ہے۔
انکوائری کے لیے تمام پہلوؤں کا نہ جائزہ لیا گیا نہ متعلقہ لوگوں سے رابطہ کیا گیا، پاکستان نے تمام تر تحفظات کو دور کرنے پر زور دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاک بھارت میچ کے ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کی پاکستان کی درخواست مسترد کردی تھی۔
بھارتی ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی نے گزشتہ رات پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس سے متعلق بتا دیا تھا۔
پاکستان نے ہینڈ شیک کے معاملے میں آئی سی سی کو میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ 15 ستمبر کو پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ میں اپنائے جانے والے رویے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ریفری تبدیل نہ کرنے کی صورت میں ایشیا کپ کے مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔