• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطین سے یورپ تک کا سفر، نوجوان غزہ سے جیٹ اسکی پر جرمنی پہنچ گیا

تصاویر:بین الاقوامی میڈیا
تصاویر:بین الاقوامی میڈیا

غزہ سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ فلسطینی محمد ابو دخہ اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ جیٹ اسکی پر سوار ہو کر سمندر کا خطرناک سفر طے کرتے ہوئے بالآخر یورپ پہنچ گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ مشکل اور پرخطر سفر ایک سال سے زیادہ عرصے پر محیط تھا، جس میں ہزاروں ڈالر کا خرچ، کئی ناکام کوششیں اور بے مثال جرات شامل تھی۔

ابو دخہ اور ان کے ساتھی لیمپیڈوسا (اٹلی) کے قریب پہنچے تو ان کا ایندھن ختم ہوگیا، جس کے بعد انہوں نے مدد کے لیے کال کی، ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں کو بحفاظت ساحل پر پہنچا دیا۔

ابو دخہ نے بتایا کہ انہوں نے جیٹ اسکی لیبیا سے خریدی تھی اور سفر کے دوران جی پی ایس، سیٹلائٹ فون اور لائف جیکٹس کا سہارا لیا، ان کے ساتھ دو اور فلسطینی بھی تھے، تینوں نے تقریباً 12 گھنٹے تک مسلسل سمندر میں سفر کیا۔

لیمپیڈوسا پہنچنے کے بعد انہیں اٹلی سے برسلز اور وہاں سے جرمنی منتقل کیا گیا، جہاں ابو دخہ نے پناہ کی درخواست جمع کروا دی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اب وہ اپنی اہلیہ اور بچوں کو بھی جرمنی بلا کر محفوظ زندگی گزارنے کا خواب پورا کرنا چاہتے ہیں جبکہ ان کا خاندان تاحال خان یونس کی خیمہ بستی میں مقیم ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید