• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد احمد نے اپنے بھائی کے جنازے میں شرکت کیوں نہیں کی؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

سینئر اداکار، ہدایت کار اور مصنف محمد احمد نے اپنے بڑے بھائی کی المناک موت کا قصہ سناتے ہوئے ان کے جنازے میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔

حال ہی میں محمد احمد نے نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے بڑے بھائی کی المناک موت کے بارے میں بات کی۔

آپ کے ساتھ کبھی ایسا ہوا ہے کہ شدید بیمار ہوں یا کوئی ایمرجنسی ہو لیکن آپ کی شوٹ ہو اور آپ کا ہونا بھی لازمی ہو؟

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوں تو میرے ساتھ کبھی ایسا کچھ نہیں ہوا لیکن جب میں فلم کیک کے سیٹ پر تھا، اس پوری فلم میں ایک ہی کامیڈی سین تھا، باقی پوری فلم سنجیدہ تھی اور میں آمنہ اور صنم کے ساتھ مذکورہ کامیڈی سین ریکارڈ کروا رہا تھا کہ اچانک مجھے میرے بھائی کی موت کی خبر ملی۔

محمد احمد نے بتایا کہ ابھی شوٹنگ شروع ہوئی تھی کہ مجھے میسج ملا، جس میں لکھا تھا کہ ’بھائی جان انتقال کرگئے ہیں‘، یہ پڑھتے ہی میں اپنے ہوش میں نہیں تھا جسے ہدایت کار عاصم عباس نے فوراً بھانپ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ عاصم عباس نے مجھے وقت دیا، میں 5 منٹ کے لیے سیٹ سے باہر گیا اور خوب رو کر واپس آگیا، یہ دیکھ کر عاصم میرے پاس آیا اور مجھ سے پوچھا کہ کیا آپ فلم کو جاری رکھنا چاہتے ہیں یا نہیں؟ تاہم میں نے واپس جانے سے منع کردیا اور شوٹ مکمل کروائی۔

سینئر اداکار نے بتایا کہ میری شوٹ کراچی میں تھی اور بھائی جان کا انتقال اسلام آباد میں ہوا تھا، میں ان کے جنازے میں نہیں پہنچ سکا، شوٹ کے بعد سوم پر پہنچا تھا۔

محمد احمد نے کہا کہ شیکسپیئر نے اسی موقع کے لیے کہا ہے کہ ’شو مسٹ گو آن‘۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید