• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیم کا نشہ جان لے گیا، 13 لاکھ ہارنے پر بچے نے خودکشی کرلی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں چھٹی جماعت کے طالبعلم نے مبینہ طور پر آن لائن گیم میں 13 لاکھ روپے ہارنے کے بعد خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ 14 سالہ یش کمار والدین کا اکلوتا بیٹا تھا، یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب یش کے والد بینک پاس بک اپ ڈیٹ کروانے گئے اور انہیں معلوم ہوا کہ ان کے اکاؤنٹ سے 13 لاکھ روپے غائب ہیں، بینک کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ ساری رقم آن لائن گیمز پر خرچ کی گئی ہے۔

والد نے جب بیٹے سے اس بارے میں پوچھا تو پہلے وہ ٹالتا رہا لیکن بعد میں اس نے اعتراف کیا کہ وہ تمام رقم گیمز پر ہار چکا ہے، یہ رقم یادو نے دو سال قبل زمین بیچ کر حاصل کی تھی اور بینک میں جمع کروائی تھی۔

گھر والوں کے مطابق والد کی ڈانٹ اور گیم نہ کھیلنے کی ہدایت کے بعد یش ٹیوشن گیا اور واپس آ کر اپنے کمرے میں بند ہوگیا، جہاں اس نے مبینہ طور پر اپنی زندگی ختم کرلی۔

اہل خانہ اسے فوری طور پر مقامی ہیلتھ سینٹر لے گئے لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کردیا اور مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید