بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے اسپتال میں ڈیوٹی کے معاملے پر خواتین ڈاکٹرز آپس میں گتھم گتھا ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق برسا منڈا میڈیکل کالج کے لیبر روم میں ڈیوٹی اوقات کے تنازع پر دو انٹرن ڈاکٹروں نے مبینہ طور پر ایک خاتون ڈاکٹر پر حملہ کیا، واقعے کے بعد اسپتال میں شدید ہنگامہ برپا ہوگیا، جھگڑے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
کالج انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جھگڑا لیبر روم ڈیوٹی کے معاملات سے شروع ہوا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں انٹرن ڈاکٹروں کو خاتون ڈاکٹر کو دھکے دیتے اور حملہ کرتے دیکھا گیا، جب کہ نرسنگ اسٹاف نے انہیں بچانے کی کوشش کی۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نریندر سنگھ کا کہنا ہے کہ واقعے کی انکوائری کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور جھگڑے میں ملوث انٹرن ڈاکٹروں کے والدین کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو کے ساتھ ایک ڈاکٹر نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’لیبر روم فائٹ کلب میں بدل گیا، برسا منڈا میڈیکل کالج کا لیبر روم ڈبلیو ڈبلیو ای رنگ بن گیا۔‘‘