• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ریکوڈک منصوبے کے لیے 7.7 ارب ڈالر فنانسنگ کی منظوری دیدی

اسلام آباد(مہتاب حیدر) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ریکو ڈک منصوبے کے لیے 7.7ارب ڈالر مالی معاونت کی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ 3.5 ارب ڈالر کی محدود قرض کی مالی معاونت حاصل کرنے کی تجویز بھی رکھی گئی ہے ۔ کمیٹی نے ریکوڈک مائننگ کمپنی کے ساتھ ریلوے کے ترقیاتی اور برج فنانسنگ معاہدوں کی بھی منظوری دی۔ معاہدے کے تحت 390 ملین ڈالر کی برج فنانسنگ کے ذریعہ کانوں سے برآمدی معدنیات کی بڑی مقدار کو منتقل کرنے کے لیے 1,350 کلومیٹر طویل ریلوے لائن بچھائی جائے گی۔ای سی سی کو بتایا گیا کہ ریکو ڈک منصوبہ پاکستان میں 53 ارب ڈالر کی آمدنی پیدا کرے گا جس میں 11 ارب ڈالر کی مالیاتی آمدنی حکومت بلوچستان کو، 6ارب ڈالر کی حکومت بلوچستان کی مفت حصص داری، 9 ارب ڈالر کی بی ایم آر ایل (بلوچستان منرل ریسورس لمیٹڈ)، 11 ارب ڈالر کی حکومت پاکستان کو مالی آمدنی اور 15 ارب ڈالر کی پی ایم پی ایل (پاکستان منرل پرائیویٹ لمیٹڈ) کی حصص داری شامل ہے۔جمعرات کو جاری بیان کے مطابق، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی صدارت میں ہوا۔ای سی سی نے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے ریکو ڈک منصوبے کی مالی معاونت سے متعلق حتمی معاہدوں اور مالیاتی ذمہ داریوں کی منظوری کے لیے پیش کی گئی سمری پر غور کیا۔

اہم خبریں سے مزید