کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ کار، لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقیوم نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ مسلم بلاک ٹریٹی آرگنائزیشن (MBTO) کی بنیاد رکھی جائے، جس میں ترکی، انڈونیشیا، مصر اور ایران جیسے ممالک شامل ہوں،سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نےکہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو مختلف نقشے دکھا کر عرب ممالک کو دھمکاتے رہے ہیں، اور قطر پر حملہ اسی تسلسل کی ایک کڑی ہے، جس نے خطے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے،بھارت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اعزاز چوہدری نے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارت کی جانب سے ایک اور حملے کی منصوبہ بندی کی جا سکتی ہے، خصوصاً اس پس منظر میں کہ ریاست بہار میں نومبر میں انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت ماضی میں بھی انتخابات سے قبل پاکستان مخالف بیانیے کے ذریعے ووٹ حاصل کرتا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اکتوبر کے مہینے میں پاکستان کو مکمل چوکنا اور محتاط رہنے کی ضرورت ہے، کیونکہ بھارت کی جانب سے کوئی پلوامہ یا پہلگام طرز کا واقعہ دوبارہ رونما کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہانریندر مودی نے ہمیشہ پاکستان دشمنی کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا ہے، اور آئندہ بھی یہی روش اختیار کیے جانے کا امکان ہے،، معروف تجزیہ کار،ڈاکٹر ہما بقائی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب اگر بھارت کوئی مہم جوئی کرتا ہے تو نہ صرف پاکستان بلکہ چین، ترکی اور سعودی عرب بھی اس کے خلاف کھڑے ہوں گے۔