• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم ڈی کیٹ، ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد امیدواروں نے رجسٹریشن کرالی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے اعلان کیا ہے کہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2025کے لیے ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد امیدواروں نے رجسٹریشن کرالی ہے۔ یہ امتحان ملک بھر میں اور بین الاقوامی مرکز یعنی ریاض (سعودی عرب) میں منعقد کیا جائے گا۔ اس سے قبل ایم ڈی کیٹ امتحان 5اکتوبر 2025 کو ہونا تھا، تاہم سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ کو درپیش مشکلات کے پیش نظر امتحان کی تاریخ بڑھا کر اب 26 اکتوبر 2025 (اتوار) مقرر کی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، مجموعی طور پر 140,071امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ 2025 کے لیے کامیابی سے رجسٹریشن کرائی ہے۔ امتحان صوبائی جامعات کے ذریعے منعقد ہوگا، جبکہ بیرونِ ملک مقیم امیدواروں کے لیے بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ پنجاب سے 50,443امیدواروں نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، لاہور کے تحت رجسٹریشن کرائی، سندھ سے 33,160 امیدوار سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سروس کے تحت، خیبرپختونخوا سے 39,964 امیدوار خیبر میڈیکل یونیورسٹی، پشاور کے تحت اور بلوچستان سے 10,278 امیدوار بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، کوئٹہ کے تحت رجسٹر ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سے 1,146 امیدوار، آزاد جموں و کشمیر سے 3,322 اور گلگت بلتستان سے 1,564 امیدواروں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی، اسلام آباد کے تحت رجسٹریشن کرائی ہے۔ مزید یہ کہ 194امیدواروں نے بین الاقوامی مرکز پر امتحان دینے کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے، جو اسی یونیورسٹی کے تحت ہوگا۔ سب سے زیادہ امیدوار پنجاب سے رجسٹر ہوئے ہیں، اس کے بعد خیبرپختونخوا اور سندھ کا نمبر آتا ہے۔ پی ایم اینڈ ڈی سی کے مطابق امتحان کا انعقاد متعلقہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی نامزد کردہ جامعات کریں گی، پی ایم اینڈ ڈی سی نہیں۔ البتہ، بطور ریگولیٹر، پی ایم اینڈ ڈی سی نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ایم ڈی کیٹ کا یکساں نصاب اور سوالات کا بینک تیار کیا ہے۔ امتحان لینے والی جامعات پر لازم ہے کہ پی ایم اینڈ ڈی سی کے مقرر کردہ معیارات کی سختی سے پابندی کریں، چاہے سوالنامہ تیار کرنے کا عمل ہو یا نتائج کا اعلان۔ تمام جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں امیدواروں کے لیے صوبائی اور بین الاقوامی مراکز پر بہترین انتظامات کریں۔
اہم خبریں سے مزید