اسلام آباد (مہتاب حیدر) حکومت نے کچھی کینال منصوبے کی بحالی کے لیے نظرثانی شدہ پی سی-1 کو موخر کر دیا ہے۔ یہ منصوبہ 2022 کے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی مرمت کے لیے ہے اور اس کی کل تخمینہ لاگت 5.6 ارب روپے ہے۔ سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) جس کی سربراہی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کر رہے ہیں، نے کچھی کینال منصوبے کے لیے نظرثانی شدہ پی سی-1 کی منظوری کو موخر کر دیا۔ وقت کی کمی کی وجہ سے کچھی کینال منصوبے پر اجلاس میں بحث نہیں ہو سکی، لہٰذا اسے موخر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق، 2022میں ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے کچھی کینال میں آر ڈی 0 000 سے آر ڈی 1005 000 تک کل 170 مقامات پر شگاف پڑ گئے ہیں۔ ان میں سے 129 بڑے شگاف تھے، جبکہ 41 بارش کی وجہ سے پڑنے والے چھوٹے شگاف یا برمز کو پہنچنے والے نقصانات تھے۔ کینال کے کناروں اور پی سی سی لائننگ کو پہنچنے والے نقصانات/شگافوں کے علاوہ، کچھی کینال پر بنے کچھ ڈھانچوں کو بھی شدید نوعیت کا نقصان پہنچا ہے۔