اسلام آباد (ساجد چوہدری )پارلیمنٹ نے پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے ) اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ماتحت دیگر اداروں میں "آغازِ حقوق بلوچستان پیکیج" کے تحت کی گئی بھرتیوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں ، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین کی جانب سے اٹھائے گئے سوال پر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو جاری کردہ خط میں پوچھا گیا ہے کہ آغاز حقوق بلوچستان پیکج کے تحت کتنے افراد کو بھرتی کیا گیا؟، بھرتی ہونے والے افراد کے نام، ڈومیسائل، تعلیمی قابلیت، سروس گریڈ اور تاریخ تقرری کی تفصیلات مانگی گئی ہیں ، کیا ان بھرتیوں کے لیے وزارت سے پیشگی منظوری حاصل کی گئی؟، کیا قومی اخبارات میں اشتہار شائع کئےگئے؟ اگر ہیں تو ان کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں، اس حوالے سے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے اپنے ماتحت تمام اداروں سے کہا ہے کہ وہ 22ستمبر کی شام تک تمام مطلوبہ تفصیلات دیئے گئے فارمیٹ پر وزارت کو فراہم کریں تاکہ بروقت جواب قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ارسال کیا جا سکے۔