اسلام آباد (ایوب ناصر ، خصوصی نامہ نگار) اڈیالہ سنٹرل جیل راولپنڈی میں پابند سلاسل بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی نے پمز اسپتال کی میڈیکل ٹیم سے طبی معائنہ کرانے سے انکار کردیا ۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسلام آباد کے ڈاکٹروں کی ایک 4 رکنی ٹیم جمعہ کی رات 7 بجے بشری بی بی کے طبی معائنہ کے لئے اڈیالہ جیل پہنچی مگر بشری بی بی نے طبی معائنہ کرانے سے انکار کردیا ، ڈاکٹروں کی ٹیم ایک گھنٹہ تک انتظار کے بعد واپس روانہ ہو گئی ،میڈیکل ٹیم میں ڈاکٹر سعد جاوید، ڈاکٹر مبشر، لیڈی ڈاکٹر ماہم اور لیڈی ڈاکٹر ماریہ رشید شامل تھیں، بشری بی بی کے انکار پر طبی ٹیم سوا 8 بجے واپس اسلام آباد روانہ ہوگئی ۔