• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل کا بے رحمانہ طاقت استعمال کرنے کا اعلان، درجنوں فلسطینی شہید، دھماکے میں چار صہیونی فوجی ہلاک

کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ میں وحشیانہ حملے، درجنوں فلسطینی شہید، رفح دھماکے میں 4صہیونی فوجی ہلاک، 3شدید زخمی بھی ہوئے، اسرائیل نے بے مثال طاقت استعمال کرنے کا اعلان کردیا۔شہر پر قبضے کیلئے قابض فوج کی بڑی زمینی کارروائی، المواسی محفوظ انسانی زون قرار ، اسی علاقے پرحملے ، روڈ بندکرکے صرف ساحلی راستہ کھلا رکھا گیا ہے۔ 10 لاکھ آبادی میں سے 4لاکھ 80ہزار اگست کے بعد سے بے گھر،اقوامِ متحدہ نے انتباہ کیا ہے کہ غزہ میں آخری سہولتیں بھی تباہ، قحط و غذائی قلت بڑھ گئی،سابق امریکی فوجی جوزفین گیلبو کا اقوامِ متحدہ کے سامنے احتجاج، ان کا کہنا تھا کہ صرف فلسطین نہیں ،ہم سب ناکام ہیں۔اسرائیل نے غزہ شہر اور اطراف میں اپنی زمینی جارحیت تیز کر دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ وہ "بے مثال طاقت" کے ساتھ کارروائی کرے گا۔ فوج کے ترجمان اویخائے ادرعی نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ صلاح الدین روڈ کے بجائے صرف الرشید ساحلی سڑک کے راستے جنوب منتقل ہوں اور المواسی نامی علاقے کو ’’انسانی ہمدردی زون‘‘ قرار دیا ہے، اسی علاقے پر متعدد بار حملے کیے۔اقوامِ متحدہ کے مطابق اگست کے اختتام تک غزہ شہر اور اس کے اطراف میں تقریباً 10لاکھ لوگ مقیم تھے جن میں سے اسرائیلی فوج کے مطابق 4لاکھ 80ہزار اگست کے بعد سے بے گھر ہو کر جنوب کی طرف نکل چکے ہیں۔اکتوبر 2023سے اب تک اسرائیل کی جنگ میں کم از کم 65,141فلسطینی شہید اور165,925زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں لاپتہ افراد ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں زندگی کی بچی کھچی ڈوریاں بھی ٹوٹ رہی ہیں، لوگ کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں اور قحط و غذائی قلت شدت اختیار کر چکی ہے۔ گذشتہ روغزہ کے جنوبی شہر رفح میں سڑک کنارے بم دھماکے میں چار اسرائیلی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نے ہلاک فوجیوں کی شناخت میجر اُمری چائی بن موشے (26) کپتان اِران شیلم(23)، لیفٹیننٹ اییتان اَونر بن اِتژاک (22) اور لیفٹیننٹ رون آریئیلی (20) کے طور پر کی۔ اس واقعے کے بعد غزہ پر جاری زمینی کارروائی اور سرحدی آپریشنز میں اسرائیل کے مارے جانے والے فوجی اور اہلکاروں کی مجموعی تعداد469 تک پہنچ گئی ہے۔امریکا نے ایک بار پھر سلامتی کونسل کی قرارداد کو ویٹو کر دیا جس میں غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ یہ قرارداد 15 میں سے 14 ممالک نے حمایت کے ساتھ منظور کی تھی۔ دوسری جانب فرانس اور برطانیہ سمیت کئی مغربی ممالک آئندہ ہفتے اقوامِ متحدہ کے اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید