کراچی (این این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے الکرم اسکوائر کے غیر قانونی انٹرسٹی بسوں کے اڈوں کو بند کرنے کا حکم دے دیا ۔عدالت نے ایس پی ٹریفک سینٹرل سے مکالمہ میں کہا کہ آپ نے ابھی تک ایک بھی اڈا بند نہیں کیا ۔ عدالت نے کہا کہ ایک ماہ میں اڈے سیل کر کے رپورٹ جمع کرائی جائے۔گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران ٹریفک پولیس کی جانب سے عدالت عالیہ میں رپورٹ جمع کرائے جانے پر عدالت عالیہ نے دو رکنی بنچ نے رپورٹ چیک کرنے کے بعد ایس پی ٹریفک سینٹرل ڈاکٹر قمر عباس رضوی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ مانتے ہیں کہ الکرم اسکوائر پر غیر قانونی اڈے چل رہے ہیں آپ کی رپورٹ سے یہ صاف ظاہر ہو رہا ہے۔ ایس پی ٹریفک سینٹرل نے اپنے جواب میں عدالت عالیہ سے کہا کہ ہم بالکل اڈے بند کرانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں اور جو بھی انٹر سٹی بس الکرم پر اتی ہے ہم اس کے خلاف ایف آئی آر بھی کرتے ہیں اور لاکھوں روپے کے چالان بھی کر چکے ہیں جج صاحب نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اپ لوگ اڈے بند نہیں کرا سکتے اور اپ اپنے جواب میں مان رہے ہیں کہ اڈے چل رہے ہیں جس پر ایس پی ٹریفک سینٹرل نے کہا کہ مجھے تو پانچ سے چھ مہینے ہوئے ہیں تو جج صاحب نے کہا کہ چھ مہینے کے دوران پانچ سو سے زائد تو بسیں آرہی ہوں گی لیکن آپ نے ابھی تک ایک بھی اڈا بند نہیں کیا ۔ عدالت عالیہ نے ایک مہینے کا وقت دیتے ہوئے حکم جاری کیا کہ اڈوں کو سیل کر کے رپورٹ جمع کرائی جائے۔