پشاور (کرائم رپورٹر)پشاور چمکنی خودکش حملے کے ماسٹر مائینڈ کو دو ساتھیوں سمیت ضلع خیبر میں آپریشن کے دوران ہلاک کردیا گیا۔ ملزمان دہشت گردی کی بڑی واردات کے غرض سے موجود تھے۔ محکمہ انسداددہشت گردی کے پی نے گزشتہ روز خیبر میں کالعدم تنظیم کے مقامی کمانڈر فضل نور اور دیگر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی۔ سی ٹی ڈی کےمطابق لالہ چینہ علی مسجد کے قریب کارروائی کی گئی۔ اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔ دوران سرچ آپریشن تین دہشت گرد موقع پر ہلاک پائے گئے، ہلاک دہشت گردوں کی شناخت محمد نعیم عرف عبدالناصر ، محمد کریم ساکنان کرک اور نور نبی سکنہ ننگر ہار افغانستان سے ہوئی ہے۔