اسلام آباد (صالح ظافر) پی اے ای سی چیئرمین کا اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف پر خطاب، 69ویں آئی اے ای اے کانفرنس میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے تعلیم کے کردار پر زور۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کو آگے بڑھانے میں تعلیم اور مسلسل سیکھنے کے اہم کردار پر زور دیا ہے۔ یہ بات 69ویں آئی اے ای اے جنرل کانفرنس کے ایک ذیلی اجلاس میں کہی گئی۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تعلیم، تحقیق اور تربیت کے ذریعے انسانی وسائل کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یاد دلایا کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی بگاڑ، خوراک اور توانائی کی عدم تحفظ اور صحت کی دیکھ بھال میں موجود خامیوں جیسے پیچیدہ چیلنجز کا سامنا ہے۔