اسلام آباد ( جنگ نیوز) قومی ائرلائن کی تکنیکی غفلتیں بے نقاب،CAA کا سخت وارننگ نوٹس ،تفصیلات کے مطابق قومی ائرلائن کے مینٹی ننس شعبے میں بدانتظامی، ناقص منصوبہ بندی اور غیر ذمہ دارانہ رویے پر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے باقاعدہ وارننگ نوٹس جاری کر دیا ہے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ائر وردنینس کی جانب سے پی آئی اے اور سول ایوی ایشن حکام کو ارسال کردہ خط میں گزشتہ آٹھ ماہ کی کارکردگی کا کچا چٹھا کھول دیا گیا ہے۔ خط کے مطابق پی آئی اے کی بیس مینٹی ننس میں سنگین غفلت، کوتاہی اور قواعد کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ خط میں انکشاف کیا گیا کہ اے 320طیارے کے لینڈنگ گیئر ایکچویٹرز کی مرمت غیر مجاز طریقے سے کی گئی۔ بی 777طیارے پر غیر منظور شدہ جیک استعمال کیے جانے کی تصدیق بوئنگ کے ساتھ خط و کتابت میں ہوئی۔