• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شکیل صدیقی نے بگ باس کی پیشکش کیوں ٹھکرا دی؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور کامیڈین شکیل صدیقی نے بھارتی رئیلٹی شو بگ باس میں شرکت سے انکار کرنے کی وجہ بتا دی۔

یوں تو شکیل صدیقی نے بھارتی کامیڈی شو دی کپیل شرما شو میں شرکت کی لیکن ریئلٹی شو بگ باس کی پیشکش ٹھکرا دی۔ حال ہی میں انہوں نے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے بگ باس میں شرکت سے انکار کی وجہ سے پردہ اُٹھا دیا۔

دورانِ شو انہوں نے انکشاف کیا کہ مجھے بگ باس میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا تھا، تاہم میں نے شو میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا۔

اداکار نے بتایا کہ بگ باس کی ٹیم نے مجھے یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ میرے تمام مطالبات پورے کریں گے، میں شو میں سب کچھ کھا پی سکتا ہوں۔

علاوہ ازیں شکیل صدیقی نے دعویٰ کیا ہے کہ شو کی انتظامیہ ملاقات کے لیے دبئی بھی آئی اور مجھے یقین دلایا کہ میں پروڈیوسر کے دباؤ کے بغیر شو میں آزادانہ طور پر کام کر سکتا ہوں اور 2 مہینوں تک کوئی بھی مجھے الیمینیٹ نہیں کرے گا اور میری ادائیگی سے منسلک تمام مطالبات بھی پورے کیے جائیں گے لیکن اس کے باوجود میں نے اس پیشکش سے انکار کر دیا۔

انہوں نے شو میں شرکت سے انکار کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ تمام تر سہولتوں کے باوجود تنازعہ کا خطرہ تھا، کیونکہ شو میں پاکستان سے میں واحد اداکار تھا۔

کامیڈین نے مزید کہا کہ شو میں واحد پاکستانی ہونے کی وجہ سے مسائل پیدا ہو سکتے تھے اور انتظامیہ تنازعہ پیدا کرنے کی بھرپور کوشش میں تھی۔

مزید برآں، انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انتظامیہ نے اعتراف کیا تھا کہ وہ ریٹنگ کے لیے ایسے تنازعات چاہتے ہیں، جو مجھے پسند نہیں، یہی وجہ تھی کہ میں نے شو میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید