بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے اپنی پسندیدہ اداکارہ کا انکشاف کردیا ہے۔ 58 سالہ اداکار کا کہنا ہے کہ ان کی پسندیدہ اداکارہ کترینہ کیف ہیں۔
اکشے حال ہی میں بھارتی ٹیلیویژن کے شو آپ کی عدالت میں نظر آئے جہاں وہ اپنی آئندہ فلم جولی ایل ایل بی 3 کی پروموشن کے سلسلے میں شریک ہوئے، اس فلم میں وہ مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ ارشد وارثی اور سوراب شکلا بھی شامل ہیں۔
شو میں اکشے کمار سے پوچھا گیا کہ ان کی پسندیدہ ہیروئن کون ہے؟ اس موقع پر پہلے تو وہ بولے کہ میں نے تقریباً ہر کسی کے ساتھ کام کیا ہے، پھر وہ کچھ لمحے کے لیے رکے اور لگا کہ انھیں بھی پتہ چل گیا ہے کہ کون ان کی فیوریٹ ہے۔ پھر بولے کترینہ کیف ان کی پسندیدہ اداکارہ ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں کی آن اسکرین جوڑی طویل عرصے تک ساتھ نظر آئی اور اس دوران دونوں نے آٹھ کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ جن میں 2006 میں پہلی رومانوی ڈرامہ فلم ہم کو دیوانہ کرگئے۔ اسکے اگلے برس ویپل شاہ کی بڑی پاپ کلچر فلم نمستے لندن اور انیس بزمی کی کامیڈی ویلکم ریلیز ہوئی۔
دونوں کی کامیابی کا یہ نہ رکنے والا سلسلہ 2008 میں بھی جاری رہا اور انیس بزمی ہی کی ایکشن کامیڈی فلم سنگھ از کنگ اور 2009 میں بلیو ریلیز ہوئی اور اسی سال پریا درشن کی ایکشن کامیڈی دے دنادن اور 2010 میں فرحان خان کی تیس مار خان بنی۔ اس کے بعد گیارہ سال کا وقفہ آیا اور پھر دونوں نے روہت شیٹی کی سوریا ونشی 2021 میں کی۔