• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جویریہ کے گھر رشتہ کیسے بھیجا؟ سعود نے دلچسپ قصہ سنا دیا


— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سعود قاسمی نے اہلیہ جویریہ سعود کو پرپوز کرنے کا دلچسپ قصّہ سنا دیا۔

سعود قاسمی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اداکارہ جویریہ سے اپنی شادی کی دلچسپ کہانی سنائی۔

سعود نے بتایا کہ ہم ایک پروگرام میں تھے جہاں میری بہن نے جویریہ کو دیکھا اور پھر اشارہ کرکے مجھ سے پوچھا کہ وہ لڑکی مجھے پسند ہے تمہیں کیسی لگی؟ 

اداکار نے بتایا کہ اس وقت مجھے نہیں معلوم تھا کہ جویریہ ایک ٹی وی اداکارہ ہیں، وہاں کافی رش تھا اور ریمبو بھی میرے ساتھ تھا تو میں نے اس سے اشارہ کرکے پوچھا کہ وہ لڑکی کیسی لگی؟ ریمبو کو لگا کہ میں اس لڑکی کی بات کر رہا ہوں جو اس وقت جویریہ کے ساتھ بیٹھی تھی تو اس نے مجھ سے کہا، ’تم پاگل ہوگئے ہو، اس لڑکی سے شادی کرو گے؟‘

اُنہوں نے مزید بتایا کہ ریمبو کا جواب سن کر میں نے کہا، ’ہاں، اس لڑکی میں کیا برائی ہے؟‘ جس پر اس نے کہا، ’برائی نہیں ہے لیکن یہ تھوڑی موٹی ہے تم دونوں کی جوڑی اچھی نہیں لگے گی‘ جس پر میں نے اسے سمجھایا ’تم غلط لڑکی کو دیکھ رہے ہو میں اس کے برابر والی لڑکی کی بات کر رہا ہوں‘ پھر ریمبو نے جویریہ کو دیکھا اور میرے فیصلے سے خوش ہوگیا۔

سعود قاسمی نے بتایا کہ اگلے ہی دن میری ملاقات امجد صابری سے ہوئی، وہ میرے بہت اچھے دوست تھے تو میں نے اُنہیں بتایا کہ میری بہن نے میرے لیے کوئی لڑکی پسند کی ہے تو پتہ کرو کیسی لڑکی ہے؟ فیملی کیسی ہے؟ تو وہ فوراََ بولے میں صبح ہی ان کے گھر چلا جاتا ہوں اور وہ اگلے دن ہی جویریہ کے گھر رشتہ لے کر پہنچ گئے۔

اُنہوں نے بتایا کہ جب امجد صابری نے جویریہ کی والدہ سے رشتے کی بات کی تو پہلے تو وہ سمجھیں کہ میرے بڑے بھائی کے لیے رشتہ پوچھا ہے پھر بعد میں اُنہیں دوبارہ وضاحت کرکے غلط فہمی دور کرنی پڑی۔

سعود کا کہنا تھا کہ امجد صابری کے بعد میرا ایک بریگیڈیئر دوست ہے وہ بھی جویریہ کے گھر والوں کو اس رشتے کے لیے راضی کرنے گیا اور پھر میں، ریمبو اور شان بھی گئے، اتنے سارے لوگ گئے تب کہیں جا کر یہ رشتہ ہوا۔

اُنہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں میری اور جویریہ کی پسند کی شادی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ بہت مشکل شادی ہے۔ 

سعود قاسمی نے اپنی شادی کی کامیابی کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ میاں بیوی حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے خاموشی اختیار کریں تب ہی یہ رشتہ قائم رہ سکتا ہے یعنی اگر ایک غصے میں ہے تو دوسرا خاموش ہو جائے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ میرا خیال ہے کہ جب بچے ہوجاتے ہیں تو زندگی میں کچھ حد تک ویسے بھی توازن آ جاتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید