سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا۔
سامعہ حجاب اس وقت خبروں کی زینت بنیں جب انہوں نے سوشل میڈیا پر یہ انکشاف کیا کہ انہیں دھمکیاں دی گئیں ہیں اور اپنے گھر سے اغوا کرنے کی کوشش کی گئی تھی، سامعہ حجاب نے میڈیا پر آکر اعلان کیا تھا کہ وہ اس شخص کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہوں گی جو انہیں ہراساں کرتا رہا اور اغوا کی کوشش میں ملوث تھا۔
بعد ازاں سامعہ حجاب نے اس کیس میں صلح کر لی، مبینہ اغوا کار ان کے سابق منگیتر تھے اور دونوں کے درمیان عدالت سے باہر معاملہ طے پا گیا، اس فیصلے پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی غیر فعال کر دیا۔
تاہم سامعہ حجاب اب اداکارہ کے طور پر بھی سامنے آچکی ہیں، حال ہی میں وہ نجی ٹی وی کے ڈرامہ دیارِ یار میں نظر آئیں جس میں میکال ذوالفقار، زاویار نعمان اعجاز اور ماہ نور حیدر مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، ڈرامے میں سامعہ ماہ نور حیدر کی دوست کا کردار ادا کررہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر سامعہ حجاب کی اسکرین پر آمد کے بعد مختلف ردعمل سامنے آنے لگے، ایک صارف نے لکھا، ’یہ تو وہی ٹک ٹاکر ہیں‘، ایک اور نے کہا، ’اوہ، تو یہ ڈراموں میں کام کرنا چاہتی تھیں‘ جبکہ کسی نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’واہ! یہ تو اداکاری بھی کر رہی ہیں۔‘