بھارتی ریاست اتر پردیش میں خواتین پولیس اہلکاروں کی ایک ٹیم نے خطرناک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم نے گزشتہ رات ناکے پر کھڑی خواتین پولیس اہلکاروں کے رُکنے کے اشارے کو نظر انداز کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لوٹ مار، چھینا جھپٹی اور چوری کے کئی مقدمات میں مطلوب 22 سالہ جیتندر کو خواتین اہلکاروں نے چیکنگ پوائنٹ پر رُکنے کا اشارہ کیا تو اس نے موٹرسائیکل دوڑا دی۔
سینئر پولیس افسر اپاسنا پانڈے نے میڈیا کو بتایا کہ جب جتیندر کو گرفتاری دینے کے لیے کہا گیا تو اس نے خواتین پولیس ٹیم پر فائرنگ کی اور بعدازاں جوابی فائرنگ سے ملزم زخمی ہوگیا جسے گرفتار کرلیا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں ملزم نے دہلی سے موٹرسائیکلیں چرانے، موبائل فون اور دیگر اشیاء چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول، ایک چوری شدہ اسکوٹر، موبائل فون اور ایک ٹیبلٹ برآمد کیا ہے۔ ملزم نے پولیس کو اپنے بیان میں مزید بتایا کہ برآمد شدہ موبائل فون اور ٹیبلٹ اس نے حال ہی میں چھینے تھے۔
دوسری جانب اتر پردیش پولیس کے اعلیٰ حکام نے خواتین اہلکاروں کو شاباشی دیتے ہوئے کہا کہ مکمل خواتین پر مشتمل اِس ٹیم کا یہ پہلا انکاؤنٹر تھا جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے، اس انکاؤنٹر سے مجرموں کو واضح پیغام ملا ہے کہ قانون سے فرار ممکن نہیں۔