• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنجے کپور کی بیوہ نے شوہر کے تمام اثاثے ظاہر کرنے کے حکم پر شرط رکھ دی

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

بھارتی صنعتکار سنجے کپور کی بیوہ پریا سچدیو کپور نے دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے شوہر کے تمام ذاتی اثاثے ظاہر کرنے کے حکم پر عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے شرط رکھ دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر کی بیوہ پریا سچدیو نے دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مرحوم شوہر کے تمام اثاثوں کی تفصیلات عدالت میں پیش کریں گی مگر یہ معلومات خفیہ لفافے میں دی جائیں گی اور اس تک رسائی رکھنے والے تمام افراد کو پہلے ایک معاہدے پر دستخط کرنا ہوں گے۔

پریا کپور نے درخواست میں مؤقف اختیار کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ شرط سائبر سیکیورٹی اور دیگر سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر لازمی ہے۔ 

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ سنجے کپور کی سابقہ اہلیہ کرشمہ کپور کے دونوں بچے، سمیرا، کیان اور اِن کی دادی رانی کپور بھی اس معاہدے پر دستخط کریں تاکہ معلومات محفوظ رہ سکیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ سماعت میں عدالت نے پریا کپور کو ہدایت کی تھی کہ وہ سنجے کپور کے تمام ذاتی اثاثوں کی تفصیلات عدالت میں پیش کریں۔ 

30 ہزار کروڑ روپے کی جائیداد پر قانونی جنگ

سنجے کپور کے انتقال کے بعد اِن کی تقریباً 30 ہزار کروڑ روپے مالیت کی جائیداد پر قانونی جنگ چِھڑ گئی ہے۔

یہ مقدمہ دہلی ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے جس پر آج بھی سماعت ہوگی۔

سنجے اور اداکارہ کرشمہ کپور کے بچوں، سمیرا اور کیان نے اپنی دادی اور پھوپھی کے ساتھ مل کر عدالت میں مؤقف اپنایا ہے کہ سنجے کپور کی عدالت میں پیش کی گئی وصیت جعلی ہے۔ 

اِن کے مطابق اس وصیت میں پوری جائیداد صرف پریا کپور کے نام کی گئی ہے اور بچوں کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پریا کپور کا کہنا ہے کہ بچوں کو پہلے ہی فیملی ٹرسٹ کے ذریعے 1,900 کروڑ روپے کے اثاثے مل چکے ہیں لہٰذا اِن کے دعوے بے بنیاد ہیں۔

پریا سچدیو نے عدالت میں درخواست دائر کر کھی ہے کہ اِن کے شوہر، سنجے کی وصیت کو درست تسلیم کیا جائے اور اِن پر لگے تمام الزامات کو خارج کیا جائے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید