امریکی ٹی وی اسٹار اور فیشن آئیکون کِم کارڈیشیان ناصرف اپنے اسٹائل اور ٹرینڈ سیٹنگ کے لیے مشہور ہیں بلکہ اپنی فٹنس روٹین کے حوالے سے بھی مداحوں کی توجہ کا مرکز رہتی ہیں۔
کِم کارڈیشیان نے حال ہی میں میگزین ’ووگ‘ سے گفتگو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے مصروف ترین شیڈول کے باوجود ورزش معمول کے مطابق کرتی ہیں۔
کِم کارڈیشیان کا کہنا ہے کہ میری فٹنس کا بنیادی راز ’ویٹ ٹریننگ‘ ہے، میں ہیوی ویٹ لِفٹر ہوں اور زیادہ تر ورزش میں وزن اُٹھاتی ہوں۔
انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ کمر کے مسائل کے باعث مجھے اپنے ورزش کے طریقوں میں کچھ تبدیلیاں کرنا پڑی ہیں مگر پھر بھی میں ورزش لازمی کرتی ہوں تاکہ جسم متوازن اور ٹون اَپ رہے۔
کِم کاڈیشیان نے بتایا کہ میری ورزش کا دورانیہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ ہے جس میں ویٹ ٹریننگ، اسٹریچنگ اور کارڈیو شامل ہے، میں زیادہ تر صبح کے وقت ورزش کرنا پسند کرتی ہوں، اگرچہ میں ورزش کے دوران فون چیک کرنے اور پیغامات کا جواب دینے سے باز نہیں آتی جس سے اکثر میرے ٹرینر پریشان ہو جاتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کِم کارڈیشیان نے اپنے انٹرویو میں ایک ایسی مشہور ورزش کا ذکر بھی کیا جسے وہ بالکل پسند نہیں کرتیں۔
کِم کے مطابق ڈانس پر مبنی کوئی بھی ورک آؤٹ اِن کا پسندیدہ نہیں ہے، جہاں تک ہاٹ یوگا کی بات ہے تو وہ ایک بار یوگا یوگا کے دوران سو گئی تھیں۔
44 سالہ کِم کارڈیشیان کا کہنا ہے کہ میں چاہے کتنی ہی مصروف کیوں نہ ہوں، اپنی صحت اور ورزش کو معمول کا لازمی حصہ بناتی ہوں، میرا ماننا ہے کہ متوازن روٹین، فٹنس اور توانائی ہی کامیاب زندگی کے راز ہیں۔