بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے 33 سال کے طویل انتظار کے بعد بالآخر اپنا پہلا نیشنل فلم ایوارڈ جیت لیا۔
71ویں نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب نئی دہلی میں منعقد ہوئی، جہاں بھارتی صدر دروپدی مرمو نے فاتحین کو ایوارڈز پیش کیے۔
شاہ رخ خان کو ان کی بلاک بسٹر فلم جوان (2023) میں شاندار اداکاری پر بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا ہے، جو ان کے کیریئر کا نیا سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
اس تقریب میں وکرانت میسی کو بھی فلم 12ویں فیل میں متاثر کن کردار پر بہترین اداکار کے اعزاز سے نوازا گیا، جبکہ رانی مکھرجی کو فلم مسز چٹرجی بمقابلہ ناروے میں بہترین اداکارہ قرار دیا گیا۔
خیال رہے کہ فلم جوان میں شاہ رخ خان نے ڈبل رول نبھایا اور سات مختلف انداز میں نظر آئے، جس سے ان کی اداکاری کی ورسٹائلٹی اور کشش مزید نمایاں ہوئی، فلم کو ناقدین کی داد کے ساتھ ساتھ شائقین کی بھرپور پذیرائی بھی حاصل ہوئی اور یہ 2023ء کی سب سے کامیاب فلموں میں شمار ہوئی۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے 1992 میں فلم دیوانہ سے فلمی سفر کا آغاز کیا، اس کے بعد وہ بالی ووڈ کے سپر اسٹار کے طور پر ابھرے اور متعدد سپر ہٹ فلموں سے ناظرین کے دلوں میں گھر کرگئے۔