پاکستان اور بھارت کرکٹ میں روایتی حریف ہیں، ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں دونوں ٹیموں کا 2017ء کے بعد کسی بھی ایونٹ کے فائنل میں پہلی بار آمنا سامنا ہے۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں اتوار 28 ستمبر کو ٹی20 ایشیا کپ 2025ء میں مدمقابل ہوں گی، اس سے قبل یہ کتنی بار فائنل میں آمنے سامنے آئیں اور کس کا پلڑا بھاری رہا؟ اعداد و شمار سامنے آگئے۔
حالیہ ایونٹ کے دوران پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 2 بار مدمقابل رہیں اور اب تیسرا موقع آیا ہے، پہلے 2 میچز میں بھارت فاتح رہا، مختصر ترین دورانیے کی کرکٹ میں بھارت کا گرین شرٹس کے خلاف پلڑا بھاری ہے۔
پاکستان اور بھارت میں 2007ء سے اب تک 15 ٹی20 میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں 12 مرتبہ بھارت اور 3 مرتبہ پاکستان فاتح رہا ہے۔
ٹی20 ایشیا کپ کے فائنل سے قبل کرکٹ تجزیوں میں بھارت کو ہی فیورٹ قرار دیا جارہا ہے لیکن پاکستانی ٹیم بھی شکست کا داغ دھونے کے لیے پرعزم ہے۔
ایک بات اور ذہن نشین رہے کہ دونوں ٹیموں کا جب بھی بڑے ایونٹس کے فائنل میں آمنا سامنا ہوا ہے تو پاکستان نے تاریخ رقم کی ہے۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں بڑے ایونٹس کے فائنل میں 5 بار مدمقابل آئیں، 3 بار فتح پاکستان اور 2 بار بھارت کے حصے میں آئی ہے جبکہ سہ ملکی سیریز میں 3 بار دونوں ٹیمیں فائنل میں ٹکرائیں، دو مرتبہ پاکستان اور 1 بار بھارت نے ٹرافی تھامی۔
پہلی بار دونوں ٹیمیں 1985ء میں آسٹریلیا میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ میں میدان میں اتریں، بھارت نے میچ 8 وکٹ سے جیت لیا۔
اگلے ہی برس 1986ء میں شارجہ میں کھیلے گئے آسٹریلیشیا کپ کے فائنل میں جاوید میانداد نے یادگار چھکا لگایا اور میچ میں پاکستان کو 1 وکٹ سے فتح دلوادی۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اس کے بعد 1994ء میں شارجہ میں ایک بار فائنل میں آمنے سامنے آئی ہیں، پاکستان نے 39 رنز سے بھارت کو شکست دی۔
2007ء میں پہلے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے بعد پاکستان کو صرف 5 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان اور بھارتی ٹیمیں 2017ء میں آئی سی سی ورلڈ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں آمنے سامنے تھیں، اس میچ میں پاکستان نے بھارت کو 180 رنز کے بڑے مارجن سے مات دی تھی۔