• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ: پاکستان، بھارت آج فائنل میں مدِمقابل، گرین شرٹس فتح کیلئے پُرعزم

ٹی20 ایشیا کپ کا فائنل آج پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائےگا، قومی ٹیم نے میچ کی تیاری کے لئے بھرپور پریکٹس کی۔

کپتان سلمان علی آغا پر امید ہیں کہ فائنل میں ٹیم اچھی کارکردگی دکھائی گی، ایشیا کپ جیتنے آئے تھے، جیت کر جائیں گے۔

ایشیا کپ فائنل میں پہلی بار پاکستان اور بھارت مد مقابل ہوں گے، 14 ستمبر کو دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے میچ سے قبل بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو ہینڈ شیک نہ کرکے کرکٹ کی برسوں پرانی روایت کو توڑا۔

یہی وجہ تھی کہ دوسرے میچ میں معمول سے زیادہ گرما گرمی دیکھی گئی، پاکستان بھارت سے 2 میچز تو ہار گیا لیکن اس نے اب تک ایشیا کی ہر ٹیم کو شکست دی ہے، فائنل میں گرین شرٹس کے عزائم بھی الگ ہیں، جیت کی بھوک بھی بڑھ چکی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ فائنل میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے، ٹرافی جیتنے کے لیے میدان میں اُتریں گے، فیصلہ کن معرکے میں دباؤ دونوں ٹیموں پر ایک جیسا ہوگا۔

بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو پاکستان اور بھارت کو اب روایتی حریف نہیں مانتے، نہ جانے انہوں نے یہ بیان کس کے پریشر میں دیا ہے، لیکن ون ڈے ہو یا ٹیسٹ، پاکستان نے بھارت سے زیادہ میچز جیتے ہیں۔

پاکستان اور بھارت اب کسی بھی ٹورنامنٹ میں اب تک 5 بار فائنل میں آمنے سامنے آئے ہیں، یہاں بھی پاکستان بھارت سے آگے ہے، پاکستان نے 3 بار جبکہ بھارت پاکستان کو 2 بار فائنل میں شکست دی ہے۔

دبئی میں موجود پاکستانی شائقین ہمیشہ کی طرح پرجوش ہیں، اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں کھیل کو کھیل سمجھتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ شاہین، حارث اور فرحان ٹیم کو ایشیا کپ جتوائیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھارت کا ریکارڈ پاکستان بہتر ضرور ہے، لیکن یہ مختصر ترین فارمیٹ ہے، 2 اوور کی اچھی بولنگ اور بیٹنگ سے کھیل پلَٹ جاتا ہے، گرین شرٹس کے کھلاڑی پرامید ہیں کہ وہ فائنل میں بھارت کو ہراکر ٹرافی اٹھائیں گے۔

فائنل میں پاک بھارت ٹاکرے کیلئے منتظمین نے ’’ہاؤس فل‘‘ کا اعلان کردیا، منتظمین کے مطابق 28 ہزار سیٹوں والے اسٹیڈیم کے تمام ٹکٹ فروخت ہوگئے، 14 ستمبر کو ہونے والا پاک بھارت میچ 20 ہزار شائقین اور 21 ستمبر کو ہونے والا میچ 17 ہزار شائقین نے دیکھا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید