چنئی (جنگ نیوز) بھارت میں انتخابی ریلی میں بھگدڑ کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتیں 39 تک پہنچ گئیں، 50سے زائد زخمی ہیں۔ دوسری جانب پولیس نے تامل فلموں کے معروف اداکار اور سیاستدان وجے کی سیاسی جماعت "تاملگا ویٹری کذھگم" (TVK) کے رہنماؤں کے خلاف مجرمانہ مقدمہ درج کرلیا ہے۔ کرور میں ریلی کے دوران وجے خود اسٹیج پر موجود تھے اور لوگوں کو سنبھالنے کی کوشش کر رہے تھے۔ مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق پارٹی نے 10ہزار افراد کے اجتماع کی اجازت لی تھی لیکن اصل ہجوم اس سے دگنا تھا۔ متاثرہ ضلع کرور میں ریلی کے دوران وجے خود اسٹیج پر موجود تھے اور پانی کی بوتلیں تقسیم کرتے ہوئے لوگوں کو سنبھالنے کی کوشش کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ تامل ناڈو ایم کے اسٹالن نے لواحقین کے لیے فی خاندان 10 لاکھ روپے (تقریباً 11,300 ڈالر) معاوضے کا اعلان کیا ہے جبکہ ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن بھی قائم کردیا گیا ہے۔