امریکی ریاست مشی گن میں سابق میرین فوجی نے چرچ پر حملہ کر کے 4 افراد کو ہلاک کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی میرین اہلکار کے چرچ پر حملے میں 4 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ حملہ آور فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔
پولیس نے واردات کے حوالے سے مزید بتایا کہ حملہ آور نے گاڑی چرچ کے دروازے سے ٹکرانے کے بعد رائفل سے فائرنگ کی اور عمارت کو آگ لگا دی تھی۔
امریکی حکام کے مطابق حملہ آور کی شناخت 40 سال کے تھامس جیکب سینفورڈ کے نام سے ہوئی ہے۔
امریکی فوجی ریکارڈ کے مطابق حملہ آور سینفورڈ 2004ء سے 2008ء تک یو ایس میرینز میں خدمات انجام دیتا رہا تھا اور عراق جنگ کا بھی حصہ رہا۔
پولیس نے بتایا کہ حملہ آور کی فائرنگ سے موقع پر 2 افراد ہلاک ہوئے جبکہ مزید 2 جلی ہوئی لاشیں چرچ سے برآمد کی گئیں ہیں۔
حکام کے مطابق حملہ آور نے آگ لگانے کے لیے پٹرول کا استعمال کیا اور جائے وقوعہ سے دھماکا خیز مواد بھی ملا ہے۔
ایف بی آئی نے واقعے کو ٹارگٹڈ وائلنس قرار دے دیا۔ واقعے کے وقت چرچ میں سیکڑوں لوگ موجود تھے۔