چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کر رہی ہے، پاکستان کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں، نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا مقصد بےروزگاری ختم کرنا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران رانا مشہود نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی لائے ہیں، نوجوانوں کو مختلف زبانیں بھی سکھائی جائیں گی۔
رانا مشہود احمد کا کہنا تھا کہ ہم ڈسٹرکٹ لیول پر کام کرنے جا رہے ہیں، مختلف سیکٹرز کے اندر ہم اپنے بچے بچیوں کی گرومنگ کریں گے، ہم ایشیا کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام لا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت ہر سال 10 فیصد کاروبار رجسٹر کریں گے، آئی ٹی، صحت معدنیات، سمیت دیگر شعبوں میں تربیت دی جائے گی، اپنے نوجوانوں کی دنیا کے بہترین اداروں تک رسائی یقینی بنا رہے ہیں۔
رانا مشہود احمد کا کہنا تھا کہ آج کا پاکستان ایک ابھرتا ہوا پاکستان ہے جو اپنا لوہا منوا رہا ہے، آج ہر ملک پاکستان کے نوجوانوں کے لیے اپنے دروازے کھول رہا ہے۔
اِن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم بھٹے پر کام کرنے والے بچوں کو اسکولوں میں لائے ہیں، پاکستان کے نوجوانوں کے لیے راستے کھل چکے ہیں۔