کرکٹ کے بعد باکسنگ کے میدان میں بھی 0-6 کا چرچا ہونے لگا، پاکستانی باکسر سمیر خان نے بھارتی حریف کو پاک بھارت جنگ کے دوران گرنے والے طیاروں کی تعداد کا اشارہ کرکے ٹرول کردیا۔
پاکستانی باکسر سمیر خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی حریف بنٹی سنگھ کو شکست دے کر یو بی او ورلڈ یوتھ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
میچ کے دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم سمیر خان نے اپنے شاندار پنچز اور مہارت کے بل بوتے پر واضح برتری حاصل کی، 52 کلوگرام کیٹگری کے مقابلے میں پاکستانی نوجوان کھیل کے آغاز سے ہی بھارتی کھلاڑی پر حاوی رہا اور پے در پے حملے کر کے اسے چت کردیا۔
بھارتی باکسر کو ناک آؤٹ کرنے کے بعد سمیر خان نے فتح کا جشن مناتے ہوئے مشہور 0-6 کا اشارہ کیا، جو پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں پاک فضائیہ کی تاریخی برتری کی یاد تازہ کرتا ہے۔
اسٹیج پر جب دونوں آمنے سامنے آئے تو سمیر خان نے بھارتی کھلاڑی کو ہاتھ کے اشارے سے جہاز اڑنے کا اشارہ بھی کیا جس کو دیکھ کر بھارتی کھلاڑی آپے سے باہر ہوگیا اور سمیر خان کو دھکا دے دیا۔
پاکستانی باکسر کے اس جشن کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جہاں شائقین نے سمیر خان کے جذبے اور فتح پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد سمیر خان نے کہا کہ وہ اس کامیابی کو پاکستان کے نام کرتے ہیں اور مستقبل میں مزید فتوحات کے ذریعے ملک کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔