سعودی عرب کے سابق انٹیلیجنس چیف اور سفیر شہزادہ ترکی الفیصل کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک کی مشترکا سلامتی خطرے میں ہے۔
شہزادہ ترکی الفیصل نے ریاض کے ڈپلومیٹک کوارٹر کے کلچرل پیلس میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ قطر پر حالیہ اسرائیلی حملے کے بعد سے خلیجی ریاستوں کی سلامتی کو ایک مسترد شدہ ریاست کی جانب سے خطرہ درپیش ہے۔
شہزادہ ترکی الفیصل نے 9 ستمبر کو قطر پر اسرائیلی حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حماس رہنما وہاں غزہ جنگ بندی معاہدے پر بات چیت کے لیے جمع ہوئے تھے۔
اُنہوں نے ایسے موقع پر اسرائیلی حملے کو ’غداری‘ قرار دیتے ہوئے خلیجی ممالک سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کے بعد وہ اپنی سلامتی کے حوالے سے اپنی اپروچ پر نظرثانی کریں۔
شہزادہ ترکی الفیصل کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل بین الاقوامی سطح پر کسی بھی قانون یا قاعدے کی پرواہ نہیں کرتا اور قطر پر حملہ تمام خلیجی ممالک کے لیے یاد دہانی ہے کہ اب اُنہیں اپنی تزویراتی پالیسی کو ازسرِ نو ترتیب دینا ہوگا۔