وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد اب حکومت میں مزید تبدیلیاں اور اصلاحات کر رہے ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے کافی عرصے بعد ملاقات ہوئی، کافی معاملات تھے جن پر ان سے مشاورت کرنا تھی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ گزشتہ ملاقات میں بھی حکومت میں تبدیلوں اور اصلاحات کے حوالے سے بات ہوئی تھی، اس وقت بتایا تھا کہ ہم حکومت میں کچھ تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ کے پی نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی سےملاقات میں حکومتی اصلاحات اور کابینہ میں تبدیلیوں کے حوالے سے مشاورت کی، بانی سے مشاورت کے بعد عاقب اللّٰہ اور فیصل ترکئی کو بلایا اور ان کو فیصلے سے آگاہ کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومتی معاملات میں اس طرح کی چیزیں ہوتی رہتی ہیں، عاقب اللّٰہ اور فیصل ترکئی میری ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد اب مزید تبدیلیاں اور اصلاحات کر رہے ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی نے پارٹی اور حکومت کے حوالے سے احکامات دیے ہیں۔