وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ ایسے والدین کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے جو اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرتے ہیں، ان اقدامات میں ان کے موبائل فون کی سمز بند کرنا، قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ معطل کرنا شامل ہے تاکہ وہ مواصلاتی اور سفری سہولتوں سے محروم رہیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کے میڈیا کنسلٹنٹ عبدالرشید چنا کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں پولیو کے خاتمے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا، سوائے اس کے کہ ان لوگوں کو سزا دوں جو پولیو کے خاتمے کی اپنی قومی ذمے داری سے پہلو تہی کرتے ہیں، یہ ذمے داری گھر سے شروع ہوتی ہے اور پورے صوبے اور ملک کو متاثر کرتی ہے۔
انہوں نے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں پولیو ویکسین انکار سیل قائم کرنے کا حکم دے دیا اور محکمۂ صحت کو ہدایت کی کہ وہ یونین کونسل کی سطح پر انکار کرنے والے والدین کی تفصیلات فراہم کرے تاکہ ان سے سماجی، سیاسی اور انتظامی سطح پر نمٹا جا سکے اور ایسے گھروں میں پولیو کے قطرے لازمی طور پر پلائے جائیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رفیوزل کنورژن کمیٹی کو ہدایت کی کہ ہر مہم کے بعد فوری طور پر انکار کے معاملات کو حل کریں اور والدین کو قائل کیا جائے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ میں پولیو کے 9 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جو ملک بھر میں رپورٹ ہونے والے 29 کیسز میں شامل ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا میں 18 کیسز اور پنجاب و آزاد جموں و کشمیر میں 1، 1 کیس رپورٹ ہوا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ کے نئے کیسز میں ٹھٹہ اور بدین سے 2 جبکہ مٹھی، عمرکوٹ، حیدرآباد، قمبر اور لاڑکانہ سے 1، 1 کیس رپورٹ ہوا ہے، کراچی میں ملیر کے کیسز خاص طور پر والدین کے انکار سے جڑے ہیں۔
وزیر ِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ 13 اکتوبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کو ’جنگی حکمتِ عملی‘ کے ساتھ چلایا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، جو افسر کارکردگی نہیں دکھائے گا وہ میری ٹیم کا حصہ نہیں رہے گا، میں پہلے ہی محکمۂ صحت اور انتظامیہ کے کچھ افسران کو ہٹا چکا ہوں، اگر لاپروائی برتی گئی تومزید بھی ہٹائے جائیں گے۔
وزیرِاعلیٰ مراد علی شاہ نے چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ کو ہدایت دی کہ موبائل سمز، شناختی کارڈز اور پاسپورٹس بلاک کرنے کا منصوبہ پیش کریں تاکہ انکاری والدین کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
اجلاس میں صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، انسپکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹریز، تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈویژنل کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔