• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’یہ تکلیف دہ اور بےآرامی کا باعث ہے،‘ بھومی پیڈنیکر کا جِلدی بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

بالی ووڈ اداکارہ بھومی پیڈنیکر نے جِلدی بیماری ’ایگزیما‘ میں مبتلا ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے اس کے بارے میں کُھل کر بات کی ہے۔ 

اداکارہ نے حال ہی میں انسٹاگرام اسٹوری پر مداحوں کو بتایا کہ وہ بچپن سے ایگزیما کا شکار ہیں مگر صرف تین سال قبل ہی اِن میں اس بیماری کی باقاعدہ تشخیص ہوئی ہے۔

بھومی پیڈنیکر نے ایک ویڈیو میں میک اپ کرتے ہوئے اپنے فینز سے بات چیت کی جس میں اُنہوں نے اپنی جِلد پر ایگزیما کے بڑھنے کی نشاندہی کی۔ 

انہوں نے بتایا کہ یہ مسئلہ زیادہ سفر کرنے، غیر متوازن غذا اور ذہنی دباؤ کی وجہ سے مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ جب بھی میں سفر کرتی ہوں یا میری ڈائٹ صحیح نہیں ہوتی، میں ذہنی دباؤ کا شکار ہوتی ہوں تو تمام مسائل کی جڑ میرا ایگزیما بڑھ جاتا ہے، یہ بہت مایوس کُن ہے کیونکہ یہ ناصرف تکلیف دہ بلکہ بے آرامی کا باعث بھی بنتا ہے۔

ایگزیما کیا ہے؟

ایگزیما، جسے طبی زبان میں ’ایٹوپک ڈرماٹائٹس‘ بھی کہا جاتا ہے، ایک عام جِلدی بیماری ہے جو جِلد پر خشکی، خارش اور خراش والے دھبوں کا باعث بنتی ہے۔

یہ مرض عام ہے لیکن یہ متعدی نہیں، یعنی کہ یہ مرض ایک شخص سے دوسرے میں منتقل نہیں ہو سکتا۔

ماہرینِ صحت کے مطابق ایگزیما کے بڑھنے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں جن میں کیمیکلز، خوشبو دار مصنوعات، سگریٹ کا دھواں، موسمی تبدیلیاں، ذہنی دباؤ، کھانے کی الرجی، بعض قسم کے کپڑے(خصوصاً ریشمی)، سانس کی کچھ انفیکشنز اور جانوروں کی الرجی شامل ہیں۔

ایگزیما کی علامات

ایگزیما کی عام علامات میں خارش، خُشک اور کھردری جِلد، لالی یا بھورے دھبے، چھوٹے دانے اور کُھردرا پن شامل ہے۔ 

بعض اوقات یہ علامات شدید خارش اور جلن کی شکل بھی اختیار کر لیتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص ان علامات کا سامنا کر رہا ہے تو اسے فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے تاکہ بیماری کے بگڑنے یا مزید بڑھنے سے بچا جا سکے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید