تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ پاکستان کی دو اتحادی جماعتوں میں مقابلہ ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں مقابلہ ہے، پیپلز پارٹی کہتی ہم نے بہت تیاریاں کیں اور سندھ کو ڈوبنے سے روکا، یہ صرف کتابوں میں روکا۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ پنجاب کہتا ہے ہم نے کشتیوں کی ذریعے امداد دی، اسکورنگ یہ ہو رہی ہے کہ کس نے زیادہ پریس کانفرنسز کیں۔
انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے ملک پر سب سے زیادہ حکومت کی، یہ ملک کو سیلاب سے بچانے میں ناکام رہے، بچے کھلے آسمان تلے بھوکے سو رہے ہیں، میں ان کو چار ٹرافیاں دیتا ہوں۔
سینیٹر علی ظفر نے کہا انہیں بے بسی، جھوٹ، نااہلی اور لالچ کی ٹرافیاں دیتا ہوں، حکومت اپنے ہی اتحادیوں سے جھگڑا کر رہی ہے، ایک کروڑ 80 لاکھ لوگ متاثر ہیں۔
انھوں نے کہا کہ متاثرین کو نہ ریلیف مل رہا ہے نہ ہی امداد پہنچ رہی ہے، امداد کرپشن کی نظر ہو رہی ہے۔ کشتی چلانے والے دو دو لاکھ روپے مانگ رہے ہیں۔