وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی قیادت اختلافات کو سنبھال لے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ نہروں کے معاملے پر اختلافات پیدا ہوئے تھے، جو دونوں پارٹیوں کی قیادت نے مل کر طے کیے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز پارٹی کی مستقبل کی قیادت ہیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی قیادت معاملات کو سنبھال لے گی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ کشیدگی کو کم کرنے میں صدر مملکت آصف زرداری ماہر ہیں، اُن کا تجربہ طویل ہے، وہ تصادم پر یقین نہیں رکھتے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ تصادم نہیں چاہتی، آصف زرداری نے محسن نقوی کو بلایا ہے، یہ خوش آئند بات ہے۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کی ایک ہفتہ قبل جنیوا میں سرجری ہوئی ہے، اب اُن کی طبیعت بہتر ہے۔ نواز شریف کی غیرموجودگی پر بہت ساری قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، ماضی میں ن لیگی قائد سے مستفید ہونے والے بہت سے لوگ ان سے متعلق غلط باتیں کر رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کل شام وطن واپس پہنچیں گے تو معاملات طے ہوجائیں گے۔