لاہور(خصوصی رپورٹر) حکومت پنجاب کی ہدایت پر محفوظ بسنت کے انعقاد کے امکانات جاننے کیلئے محکمہ داخلہ میں مشاورتی اجلاس ہوا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے مشاورتی اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی نجم الثاقب، کمشنر لاہور مریم خان،سینئر صحافی واصف ناگی، میڈیا پرسن ذیشان حسین، ڈپٹی سیکرٹری جوڈیشل فزا ارشد، اسسٹنٹ کمشنر سٹی لاہور بابر علی، لیگل ایڈوائزر والڈ سٹی سعود نصر اللہ اور صدر آل پاکستان پتنگ باز ایسوسی ایشن شکیل شیخ نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پنجاب میں محفوظ بسنت کی مشروط اور محدود اجازت کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔ ابتدائی کلمات میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور انسانی جانوں کیلئے خطرہ بننے والی پتنگ بازی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے بتایا کہ بسنت یا پتنگ بازی کی اجازت صرف اور صرف حفاظت انتظامات یقینی بنائے جانے پر دی جا سکتی ہے۔