بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اقربا پروری کا نتیجہ ہیں، لیکن کامیاب اداکار بننے کے لیے انہیں سخت محنت بھی کرنی پڑی۔
رنبیر کپور نے تقربیاً دو دہائیوں پر محیط اپنے فلمی کیریئر میں خود کو صفِ اول کے اداکار کے طور پر منوایا ہے۔
رنبیر کپور نے فلم ساز سبھاش گھئی کے فلم انسٹیٹیوٹ ’وِسلِنگ ووڈز‘ میں منعقدہ سیلبریٹنگ سنیما 2025 فیسٹیول کے دوران عظیم فلم سازوں راج کپور اور گرو دت کو خراجِ تحسین کے عنوان سے ایک سیشن میں گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ میرے والدین اور خاندان فلمی دنیا میں سرگرم تھا جسکے نتیجے میں بہت سی چیزیں مجھے آسانی سے مل گئیں، لیکن فلم انڈسٹری میں مجھے سخت محنت کرنا پڑی کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ ایک معروف فلمی خاندان سے تعلق کے باوجود اگر میں اپنی الگ شناخت نہ بنا سکا، تو میں فلم انڈسٹری میں کامیاب نہیں ہو سکوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ سب میرے خاندان کی کامیابیوں کا جشن مناتے ہیں، لیکن یہاں ناکامیاں بھی بہت ہیں اور جیسے کامیابی سے سیکھنے کو ملتا ہے، ویسے ہی ناکامی سے بھی سیکھنے کو بہت کچھ ملتا ہے۔
43 سالہ رنبیر کا مزید کہنا تھا کہ میں معروف فلمی خاندان میں پیدا ہونے کے بارے میں کیا محسوس کرتا ہوں؟ میرے لیے یہ بالکل ایک عام خاندان جیسا ہی تھا۔ مجھے کوئی خاص فرق محسوس نہیں ہوتا تھا۔ گھر میں اکثر بحث ہوتی، لیکن گھریلو نوعیت کی نہیں، زیادہ تر کسی سین پر یا گانے کے درست بولوں پر بحث چلتی۔
واضح رہے کہ وہ رشی کپور اور نیتو کپور کے بیٹے اور عظیم فلم ساز و اداکار راج کپور کے پوتے ہیں۔
رنبیر کو آخری بار سندیپ ریڈی وانگا کی فلم اینمل میں دیکھا گیا تھا۔ اب وہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم لو اینڈ وارمیں نظر آئیں گے، جس میں عالیہ بھٹ اور وکی کوشل بھی شامل ہیں۔