امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے بعد چین کے ساتھ بھی اضافی ٹیرف کی جنگ چھیڑ دی ہے۔
امریکی حکومت کی جانب سے آئندہ ماہ کی یکم سے امریکا میں چین سے آنے والی تمام اشیاء پر 100 فیصد اضافی ٹیکس (ٹیرف) عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے یہ جارحانہ اقدام چین کے حال ہی میں نایاب زمینوں کی برآمدات پر سخت کنٹرولز نافذ کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں چین کی اس پالیسی کو ایک’انتہائی جارحانہ‘ اور ’عالمی تجارتی اخلاقیات کی توہین‘ قرار دیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پیغام میں خبردار کیا ہے کہ اگر چین نے مزید اقدام اٹھائے تو یہ ٹیکس یکم نومبر سے پہلے بھی نافذ کیے جا سکتے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کے چین پر 100 فیصد ٹیرف کے بعد ممکن ہے کہ بیجنگ اس اعلان کے ردِعمل میں اپنی پابندیوں پر نظرِثانی کرے یا مذاکرات کی میز پر واپس آئے لیکن اگر کشیدگی بڑھی تو یہ دونوں ممالک اور عالمی معیشت ایک بڑے تصادم کی جانب جا سکتی ہے۔