بالی ووڈکے اسٹار اداکار عرفان خان مرحوم کے صاحبزادے اور اداکار بابل خان 5 ماہ کے وقفے کے بعد سوشل میڈیا پر واپس آگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 27 سالہ بابل خان نے سوشل میڈیا پر اپنی واپسی ایک جذباتی نظم کیپشن میں لکھ کر کی، جس میں ذہنی اور جذباتی کشمکش کا اظہار بھی شامل تھا۔
اداکار نے بتایا کہ میں بے خوابی، گھبراہٹ کا شکار تھا اور اندرونی زخم گہرے تھے، جن سے صحتیابی کے لیے وقت درکار تھا۔
5 ماہ کے وقفے کے بعد سوشل میڈیا پر واپسی پر انہیں بالی ووڈ کے کئی نامور اداکاروں اور بہت سے مداحوں نے بھرپور سپورٹ دی ہے۔
سوشل میڈیا پر بابل خان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں میں وجے ورما، گلشن دیویا، اپرشکتی بھی شامل ہیں۔
رواں برس مئی میں نوجوان بھارتی اداکار انسٹاگرام سے دور ہوگئے تھے، یہ وہی وقت تھا جب اُن کی بعض جذباتی ویڈیوز وائرل ہوئیں۔
اس حوالے سے بعد میں خاندان نے وضاحت دی تھی کہ بابل خان اب بہتر ہیں، خود کو محفوظ محسوس کررہے ہیں اور وہ جلد ہی ٹھیک ہوجائیں گے۔
بابل خان کی سوشل میڈیا پرواپسی اور پوسٹ نے ذہنی دباؤ اور جذباتی صحت سے متعلق گفتگو کو زبان زد عام کردیا ہے۔