حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے اپوزیشن اتحاد’ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان‘ کے اعلامیے کو شرم ناک حد تک افسوس ناک قرار دیا ہے۔
اسلام آباد سے جاری کیے گئے بیان میں عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں اپوزیشن اتحاد کا اعلامیہ شرمناک حد تک افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اعلامیے میں دہشت گردوں اور اُن کے سرپرستوں کی مذمت میں ایک لفظ بھی نہیں کہا گیا بلکہ انتہائی ڈھٹائی سے الزام لگایا گیا کہ نفاذِ قانون کے ادارے اپنی ساکھ کھو چکے ہیں۔
ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ سر زمین کے تحفظ کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے سپوتوں کے بارے میں یہ الفاظ پست سوچ کا اظہار ہیں، صوبائی حکومت سے مشاورت کی نصیحت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ صوبائی حکومت 13 برس سے پورے وسائل کے ساتھ دہشت گردوں کی پرورش کر رہی ہے،صوبے کو دہشت گردوں کا محفوظ قلعہ بنا کے رکھ دیا ہے۔
عرفان صدیقی نے یہ بھی کہا کہ کل تک سیاست کے سینے میں دل نہیں تھا، پاک فوج سے بغض رکھنے والے ٹولے کی آنکھ میں حیا بھی باقی نہیں رہی۔