• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان طالبان نے پاکستان کا لڑاکا طیارہ مار گرایا؟ حقیقت سامنے آگئی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب پاک افغان سرحد پر طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔

اس دوران مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ افغان طالبان نے پاکستان کا جدید فائٹر جیٹ ایف-16 مار گرایا ہے۔

دعویٰ

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں ایک طیارے کو جلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور خبر رساں اداروں نے اس ویڈیو کو شیئر کیا اور دعویٰ کیا کہ یہ پاکستانی فضائیہ کا جدید طیارہ ایف-16 تھا جسے طالبان فورسز نے مار گرایا۔

ایک ایکس صارف نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’PAF کا جیٹ پاکستان کی حدود میں باجوڑ کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا، جسے ٹی ٹی پی کے کمانڈوز نے مار گرایا، پاک فوج اب اس جیٹ کا ملبہ صاف کرنے میں مصروف ہے۔‘

ایک اور صارف نے ویڈیو شیئر کی اور لکھا، ’افغان طالبان نے پاکستانی جدید ترین لڑاکا طیارہ F-16 مار گرایا ہے، ہمارے لیے صبح کی اچھی خبر۔‘

دعوے کی حقیقت کیا ہے؟

ویڈیو کے بارے میں فیکٹ چیک سے پتہ چلا کہ وائرل ویڈیو 2022 کی ہے، جس کے مطابق بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ MiG-21، بھارتی ریاست راجستھان کی سرحد پر ٹریننگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔

اس حادثے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے، بھارتی فضائیہ نے بھی اس وقت اس حادثے کی تصدیق کی تھی۔

مذکورہ ویڈیو پہلی بار 28 جولائی 2022 کو بھارتی خبر رساں ادارے کی جانب سے یوٹیوب پر شیئر کی گئی تھی۔

اس حوالے سے کئی صارفین نے بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے کمنٹ میں تبصرہ کرتے ہوئے نشاندہی کی ہے۔

نتیجہ

سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیو پرانی ہے۔ سوشل میڈیا پر پاکستانی لڑاکا طیارے سے متعلق کیا جانے والا دعویٰ جھوٹا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید