پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شاہد خٹک نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں سیاسی قیادت افغانستان کی حکومت سے بات کرے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں شاہد خٹک اور ن لیگ کے رہنما امیر مقام نے گفتگو کی، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ امن کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ایک ایسا وفد تشکیل دے، جس میں صوبائی حکومت اور قبائل کے لوگ شامل ہوں اور وہ وفد جاکر افغانستان حکومت سے بات کرے۔
شاہد خٹک نے مزید کہا کہ اگر یہ جرگہ کامیاب ہوگیا تو 70 سے 80 فیصد معاملات حل ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن کا قیام ہمارا بنیادی ہدف ہے، وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا ہے کہ پولیس کو مزید مضبوط کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہماری خواتین ارکان کو سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا ہے، سہیل آفریدی نے کہہ دیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر بات کرنے کےلیے تیار ہیں، ہمارے لیے بانی چیئرمین کی رہائی اہم ہے۔