کمیونٹیز سیکریٹری اسٹیو ریڈ نے مشرقی لندن کے پارک میں فنڈ ریزنگ دوڑ میں خواتین کو حصہ لینے سے روکنے کو ’خوفزدہ‘ کرنے والا واقعہ قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایکوالٹی اینڈ ہیومن رائٹس کمیشن اس بات کی تحقیقات کرے گا کہ کیا کسی قانون اور ضابطے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
ایسٹ لندن ماسک نے اتوار کو وکٹوریہ پارک میں 5 کلو میٹر دوڑ کا اہتمام کیا تھا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی تھی۔
دوڑ کی آن لائن تشہیر میں کہا گیا تھا کہ اس میں مردوں، ہر عمر کے لڑکوں اور 12 برس تک کی لڑکیاں شرکت کر سکتی ہیں۔
اسٹیو ریڈ کا کہنا ہے کہ میں نے رپورٹس دیکھی ہیں اور میں بھی اتنا ہی خوفزدہ ہوں جتنا کہ کوئی اور ہو گا، یہ بات قطعی ناقابل قبول ہے کہ مردوں کو اجازت ہو اور خواتین کو عوامی جگہ پر منعقد تفریحی دوڑ میں حصہ لینے سے روک دیا جائے، ہم اس ملک میں ایسی صورتِ حال نہیں چاہتے کہ مردوں کو وہ کام کرنے کی اجازت ہو جس سے خواتین کو روکا جائے، اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اس سالانہ تقریب کے ذریعے ہزاروں پاؤنڈ اکٹھے کیے جاتے ہیں جو لوکل یوتھ پراجیکٹس، فوڈ بینکس اور بین الاقوامی سطح پر انسانی امداد کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
مقامی کونسل کے مطابق اس نے عمر اور خواتین پر پابندی سے متعلق مسجد سے فوری وضاحت طلب کی ہے۔