• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں فلو سیزن، UK ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کا انتباہ جاری

یوکے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے انتباہ جاری کیا ہے کہ برطانیہ میں موسم سرما کے فلو سیزن کا آغاز پانچ ہفتہ قبل ہی ہوگیا ہے، بچوں اور نوجوانوں میں فلو تیزی سے پھیل رہا ہے اور خدشہ ہے کہ بڑی عمر کے افراد بھی اس سے جلد متاثر ہونا شروع ہوجائیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ رواں برس فلو سیزن کتنا مشکل اور سنگین ہوگا، انھوں نے فلو ویکسین کے اہل افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد فلو کا ٹیکہ لگوالیں۔

گزشتہ دھائی کے دو بدترین فلو سیزن پچھلے تین سالوں میں دیکھے گئے، جس کی وجہ جزوی طور پر کوویڈ کے بعد جب لوگوں میں قوت مدافعت کم تھی تو وائرس کی واپسی کو قرار دیا گیا تھا۔

فلو کے سبب گزشتہ برس آٹھ ہزار اموات اور 23-2022 میں 16 ہزار اموات واقع ہوئی تھیں۔

ہیلتھ حکام کا کہنا ہے کہ فلو ایک سنگین بیماری ہے اور وہ اس کے قبل از وقت پھیلنے سے پریشان ہیں، اس لئے بروقت ٹیکہ لگوانے کو یقینی بنایا جائے اور اگر فلو یا کوویڈ کی علامات ہوں تو ماسک پہنیں، ہاتھ باقاعدگی سے دھوئیں، ہوادار جگہ پر رہیں اور دوسروں کے ساتھ رابطے کم کریں خصوصا ایسے افراد سے جن کیلئے فلو خطرناک ہوسکتا ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید